بھٹکل 7/جولائی (ایس او نیوز)بھٹکل ہوناور حلقے کے رکن اسمبلی سنیل نائک نے اتر کنڑا ضلع ورکنگ جرنلسٹ ایسو سی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کل سوشیل میڈیا کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کا کام کیا جارہا ہے ۔
سنیل نائک مرڈیشور کے آراین ایس پالی ٹیکنیک ہال میں ’یوم صحافت‘ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہےتھے، انہوں نے کہا کہ صحافت کا شعبہ ایک سماجی قوت کا وسیلہ ہوتا ہے۔ ایک صحافی بذات خود ایک طاقت ہوتا ہے۔ پھراگر وہ ایک تنظیم سے جڑ جاتے ہیں تو وہ ایک متحدہ طاقت ہوجاتے ہیں۔مگر یہ بات سوشیل میڈیا کے لئے ممکن نہیں ہے۔سوشیل میڈیا کا معاملہ یہ ہے کہ اسے جو چاہے اپنا سکتا ہے، لیکن اسی شخص کے لئے ایک بہترین صحافی بننا ہوتو بہت سارے مرحلوں اور مشکلوں سے گزرنا پڑتا ہے۔اس لئے یہ بات صاف ہے کہ صحافت سماج کو متحد کرنے اور سوشیل میڈیا سماج کو توڑنے کا سبب بن گیا ہے۔
مہمان خصوصی کے طور پر شریک ورکنگ جرنلسٹ ایسو سی ایشن کے ریاستی صدرشیوانند ترگوڈ نے کہا کہ پچھلے زمانے میں ایک خبر میڈیا کے ذریعے تین چار دنوں بعد لوگوں تک پہنچتی تھی۔ لیکن اب تیز رفتار سوشیل میڈیا کی وجہ سے اس میں تبدیلی آ گئی ہے۔ صحافیوں اور اخباروں کے ذریعے پہنچائی جانے والی خبریں حقیقت پر مبنی ہوتی ہیں مگر سوشیل میڈیا کی کونسی خبرسچ ہے اور کونسی جھوٹ ہے، اس کا اندازہ لگانا عوام کے لئے مشکل ہوجاتا ہے۔اس لئے عوام کے اندر اس بات کا شعور پید ا ہونا چاہیے۔کسی بھی صحافی کو اپنے ذاتی مفاد سے زیادہ سماجی مفاد عزیز اور اہم ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صرف ’شناختی کارڈ‘ والا صحافی بننے کے بجائے ’ورکنگ جرنلسٹ‘ کے طور پر سرگرم رہنا چاہیے۔
اس موقع پر ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ریاستی رکن جی سبرایا بھٹ بکّل کو ’شیام راؤ‘ ایوارڈ اور یلاپور ورکنگ جرنلسٹ ایسو سی ایشن کے صدر نرسنمہا ساتوڈّی کو ’اَجّی بل‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ ورکنگ جرنلسٹ ایسو سی ایشن کی جانب سے ماہر تعلیم ایم وی ہیگڈے کی تہنیت بھی کی گئی۔اخبار تقسیم کرنے والے آنند بھٹ اور مدھو کائیکنی کو بھی اعزاز دیا گیا۔
اجلاس کے موقع پر ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر، سینئر صحافی جی، یو بھٹ، ہیومن ویلفیئر ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹر امین الدین گوڈا کے علاوہ ایوارڈ اور اعزاز پانے والوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ضلع کے تمام تعلقہ جات سے صحافیوں کی کثیر تعدادنے اس اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت ضلع ورکنگ جرنلسٹ ایسو سی ایشن کے صدربھٹکل کے رادھا کرشنا بھٹ نے کی۔انہوں نے کہا کہ میرے صحافت میں داخل ہونے کا سبب ڈاکٹر چترنجن کی ہمت افزائی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے آئندہ ڈاکٹر چترنجن کے نام سے ایوارڈ شروع کرنے کا منصوبہ ہونے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے ڈاکٹر چترنجن کے چاہنے والوں سے اپیل کی کہ وہ اس کاز کے لئے اپنی جانب سے ہرممکن تعاون دیں۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی جانب سے فنڈ جمع کرنے کی شروعات کرتےہوئے دس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔